فلا ڈ یلفیا 22 اکتو بر ( ایجنسیز) امریکا کے شہر فلاڈیلفیا کے نیشنل کانسٹیٹیوشن سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران ملالہ یوسفزئی کی کوششوں اور تعلیم کے لئے اعلی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں لبرٹی میڈل سے نوازا گیا جو انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں دیا جاتا ہے جبکہ انہیں بطور انعام ایک لاکھ امریکی ڈالر بھی دیئے گئے۔ میڈل حاصل کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لبرٹی ایوارڈ حاصل کرکے فخر محسوس کر رہی ہوں
جس کے حصول کے بعد تعلیم کے فروغ اور بچوں کے حقوق کے لئے جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انہوں نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ ہتھیاروں کے بجائے تعلیم پر رقم خرچ کریں جس میں بچوں کا مستقبل پوشیدہ ہے۔ اس موقع پر این سی سی کے چیئرمین جیب بش کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کی آزادی اور برابری کے لئے جاری لڑائی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایسی رہنما ہیں جو تعلیم کے لئے مخلص ہیں اور تمام نوجوانوں کو ملالہ کے نقش قدم پر چل کر اسٹیٹس کو کے خاتمے اور دنیا بھر میں تبدیلی کے لئے کوششیں کرنی چاہیئے۔